(دن نیوز) کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ایک منظم گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائی حسن نعمان کالونی سہراب گوٹھ کے علاقے میں کی گئی جہاں رینجرز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر چھاپہ مار کر گروہ کے سرغنہ سمیت تین افراد کو حراست میں لیا۔ گرفتار ملزمان میں شیر علی ولد خیال گل، جو گروہ کا سرغنہ بتایا جا رہا ہے، اس کے علاوہ حیات اللہ ولد نیاز گل اور ریاض خان ولد نواب خان شامل ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک چوری شدہ موٹر سائیکل، ایک موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ کراچی کے مختلف علاقوں جن میں گبول ٹاؤن، انڈسٹریل ایریا، سہراب گوٹھ اور دیگر ملحقہ علاقے شامل ہیں، میں اسٹریٹ کرائم، موٹر سائیکل چوری اور موبائل چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق ملزمان عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف پہلے بھی مقدمات درج ہیں، جبکہ مرکزی ملزم شیر علی کے خلاف تھانہ سہراب گوٹھ میں ایف آئی آر بھی موجود ہے۔ حکام نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں یہ گروہ گبول ٹاؤن میں موٹر سائیکل چوری کی واردات میں بھی ملوث پایا گیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان کو برآمد شدہ سامان سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس اور رینجرز کا کہنا ہے کہ شہر میں اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کے لیے مشترکہ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔