(دن نیوز) کراچی میں مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ ایک کم عمر نوجوان زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق پہلا واقعہ سولجر بازار کے علاقے میں پیش آیا جہاں ذاتی جھگڑا شدت اختیار کر کے خونی تصادم میں تبدیل ہو گیا، جس کے نتیجے میں 25 سالہ شہریار تیز دھار آلے کے وار سے جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ نشتر پارک اور باران گوٹھ گارڈن کے قریب پیش آیا جہاں جھگڑے کے دوران ہونے والا حملہ جان لیوا ثابت ہوا۔ پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ ابتدائی تفتیش میں واقعے کو ذاتی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ دوسری جانب بلدیہ ٹاؤن کے علاقے عابد آباد میں مدنی مسجد کے قریب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 17 سالہ نوجوان ارسلان نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی نوجوان کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کی نوعیت اور محرکات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ علاقے میں شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں ملوث عناصر کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔