(دن نیوز)کینجھر جھیل پر 500 میگاواٹ کے فلوٹنگ سولر پاور پروجیکٹ کی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ منصوبے کا مقصد قابلِ تجدید توانائی کو فروغ دینا اور درآمدی فوسل فیول پر انحصار کم کرنا ہے۔
243 ملین ڈالر مالیت کے اس منصوبے سے سالانہ 861.91 گیگا واٹ آور بجلی پیدا ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق منصوبہ انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور کنسٹرکشن ماڈل کے تحت مسابقتی بولی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
فلوٹنگ سولر سسٹم زمین کے استعمال کے بغیر توانائی پیدا کرنے کا جدید حل فراہم کرے گا جبکہ اس سے صنعتی اور شہری علاقوں کو بجلی کی مؤثر ترسیل میں بھی مدد ملے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ پاکستان کے 2030 ماحولیاتی اہداف اور توانائی کے شعبے میں خود کفالت کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ پاکستان میں قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو توانائی بحران پر قابو پانے اور پائیدار ترقی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔