کینسر سے بچاؤ کی ویکسین آئندہ برسوں میں دستیاب ہوگی،،مصطفیٰ کمال

(دن نیوز) اسلام آباد میں فارماسیوٹیکل انویسٹمنٹ اینڈ کوآپریشن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر آئندہ چند برسوں میں کینسر سے بچاؤ کی ویکسین تیار ہو جائے گی جو بیماریوں کے خلاف جنگ میں ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید بائیو ٹیکنالوجی اور ادویہ سازی کے شعبے میں دنیا بھر میں تیزی سے تحقیق جاری ہے اور پاکستان بھی اس میدان میں ترقی کے وسیع مواقع رکھتا ہے۔ ان کے مطابق صحت کے نظام میں ویکسین اور ایکٹو فارماسیوٹیکل اجزا کو بنیادی اہمیت حاصل ہے اور حکومت بچوں کو 13 مختلف اقسام کی ویکسین مفت فراہم کر رہی ہے تاکہ بیماریوں سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نہ صرف مقامی سطح پر ادویات تیار کر رہا ہے بلکہ 51 ممالک کو ادویات برآمد بھی کرتا ہے، تاہم اس کے باوجود ہر سال تقریباً 450 ملین ڈالر کی ویکسین درآمد کی جاتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ سالوں میں ویکسین پر اخراجات بڑھ کر ایک ارب 20 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے جو صحت کے بجٹ پر دباؤ میں اضافہ کرے گا۔ مصطفیٰ کمال کے مطابق کورونا وبا کے دوران ویکسین کی دستیابی نے اموات کی شرح میں نمایاں کمی لائی اور یہ ثابت ہوا کہ ویکسینیشن انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں بہت کم ممالک ایسے ہیں جہاں فارماسیوٹیکل شعبے میں مکمل مہارت رکھنے والے ماہرین موجود ہیں، جبکہ پاکستان کو اس شعبے میں خود کفالت اور برآمدات میں اضافے کے لیے مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ ملکی معیشت اور صحت کا نظام دونوں مضبوط ہو سکیں۔

Share it :

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *