(دن نیوز)گنج منڈی میں واقع کاروان پلازہ کے ایک سٹیشنری گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق گودام کے اندر سویا ہوا 28 سالہ محنت کش سفیع اللہ شدید دھوئیں کی لپیٹ میں آ کر دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے کارروائی شروع کی۔ حکام نے بتایا کہ بروقت ریسکیو آپریشن کے باوجود نوجوان کی جان نہ بچائی جا سکی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق آگ نے گودام کے ایک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جس کے باعث اندر موجود دھواں تیزی سے پھیل گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر مکمل قابو پا کر کولنگ کا عمل بھی مکمل کیا تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کا خطرہ نہ رہے۔
حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر شارٹ سرکٹ یا کسی آتش گیر مواد کے باعث آگ لگنے کے امکانات پر غور کیا جا رہا ہے، تاہم حتمی نتیجہ تفتیش کے بعد سامنے آئے گا۔